اسلام آباد: شہر اقتدار کی ضلعی انتظامیہ نے پیر کو وفاقی دارالحکومت میں رینجرز کی تعیناتی میں مزید 6 ماہ کی توسیع کی درخواست کردی۔
تفصیلات کے مطابق، شہری انتظامیہ نے وزارت داخلہ سے کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) کے طور پر 300 اضافی رینجر اہلکاروں کی درخواست کی۔
رینجرز کی تعیناتی میں توسیع کا فیصلہ اسلام آباد میں سخت سیکیورٹی کے پیش نظر کیا گیا۔ ضلعی انتظامیہ نے توسیع کے لیے وزارت داخلہ کو تحریری درخواست کر دی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں رینجرز کے 2523 اہلکار پہلے ہی تعینات ہیں۔
قبل ازیں، اسلام آباد پولیس نے کہا تھا کہ وہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو ان کے آئندہ دورہ پاکستان کے دوران فول پروف اور ورلڈ کلاس سیکورٹی فراہم کرنے کے لئے مکمل طور پر تیار ہے۔