مراکش کے اسٹار فٹبالر اشرف حکیمی کو ماں سے مثالی محبت نے بہت بڑے مالی نقصان سے بچالیا، اشرف حکیمی کی سابقہ اہلیہ ہبہ عبوک کھلاڑی کی نصف جائیداد حاصل کرنے کے دعوے میں ناکام ہو گئیں، کیونکہ حکیمی نے ماں کی محبت میں اپنی ساری جائیداد ماں کے نام کر رکھی ہے۔
ہسپانوی روزنامہ مارکا نے جمعرات کو رپورٹ کیا کہ ان کی تمام جائیداد کی مالک ان کی والدہ نکلیں۔
سابق اہلیہ نے طلاق کے وقت حکیمی کے اثاثوں کا نصف اور بھاری رقم کا تقاضا کیا تاہم ان کا خواب چکنا چور ہوگیا جب انہیں بتایا گیا کہ حکیمی کے نام پر کچھ نہیں ہے اور ان کے پاس جو کچھ ہے وہ ان کی والدہ کے نام ہے، یہاں تک کہ ان کی تنخواہ سے بھی صرف ان کی والدہ مستفید ہو سکتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:
حرم شریف میں زائرین کیلئے موبائل چارجنگ پلیٹ فارم کا افتتاح
واضح رہے کہ جون میں مراکش ورلڈ نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق، اشرف حکیمی چھٹے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے افریقی فٹبالر ہیں، جو ہر ہفتے $215,000 سے زیادہ کماتے ہیں۔
ہبہ عبوک اور حکیمی 2018 میں ملے تھے جب وہ جرمنی میں ڈورٹمنڈ کے لیے کھیل رہے تھے، وہ ان سے بارہ سال بڑی ہیں اور ہسپانوی کرائم ڈراما ایل پرنسپے میں اپنے کردار کی وجہ سے پہچان رکھتی ہیں۔ ان کے دو بچے ہیں۔
مراکش کی قومی ٹیم کے اسٹار اشرف حکیمی کئی بار اپنی والدہ کے ساتھ والہانہ محبت اور عقیدت کے اظہار کے سبب عوام کی توجہ کا مرکز بنتے رہتے ہیں۔ وہ کھیل کے میدان، سوشل میڈیا اور انٹرویوز میں اپنے والدین کے ساتھ وابستگی پر فخر کا اظہار کرتے ہیں اوردنیا بھر میں والدہ سے محبت کا آئیکون بن چکے ہیں۔
سابق بیوی کی جانب سے اپنے دعوے میں ناکامی کو دنیا بھر میں اشرف حکیمی کی اپنی والدہ سے بے پناہ محبت سے جوڑا جا رہا ہے، عرب سوشل میڈیا پر اس بات کے چرچے ہیں کہ کس طرح ماں کی محبت نے اشرف حکیمی کو بہت بڑے مالی نقصان سے بچایا۔ اس واقعے کو ماں سے محبت کی عظیم داستان کے طور پر بہت سراہا جا رہا ہے۔