جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات علامہ سمیع الحق سواتی نے کہا ہے کہ قبلہ اول بیت المقدس فلسطین مسلمانوں کے جذبات اور احساسات کا مرکز ہے امت مسلمہ کے حکمران فلسطینی مسلمانوں پر ماہ صیام مظالم کیخلاف مؤثر آواز اٹھائیں، مسجد اقصی پر اسرائیلی حملوں پر عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامعہ اسلامیہ محمودیہ کی شاخ توحید مسجد میں 23 ویں شب کو ختم قرآن کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مولانا قاری طلحہ زبیر سواتی، مفتی سعید اللہ کوثری، قاری علی محمد، قاری خلیل اللہ ودیگر بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں:
حرمین شریفین میں معتکف خواتین کیلئے تمام سہولیات سے آراستہ مربوط نظام
مولانا سمیع الحق سواتی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام رخصت ہورہا ہے، شہرقائد میں اسٹریٹ کرائمز میں ملوث چند بگڑے نوجوان انسانیت کیلئے زحمت بن چکے ہیں۔ انہیں شاید قتل ناحق پر عذاب کا اندازہ نہیں، بےگناہ شہریوں کے قاتل دنیا و آخرت میں اللہ کی رحمت سے محروم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام نے حقوق العباد کی ادائیگی کا سختی سے حکم دیا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا
اگر تمام روئے زمین کے اور آسمان کے لوگ کسی ایک مسلمان کے قتل میں شریک ہوں تو اللہ تعالیٰ قیامت کے دن سب کو اوندھے منہ جہنم میں ڈال دےگا، اورجس شخص نے کسی مسلمان کے قتل میں آدھے کلمے سے بھی مدد کی وہ قیامت کے دن اللہ کے سامنے اس حالت میں آئے گا کہ اس کی پیشانی میں لکھا ہوگا کہ” یہ شخص اللہ کی رحمت سے محروم ہے۔“