راولپنڈی: سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل، پی ٹی آئی شمالی پنجاب کے صدر عامر محمود کیانی اور 5 دیگر افراد کو محکمۂ اینٹی کرپشن نے طلبی کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی کرپشن راولپنڈی نے عامر محمود کیانی اور عمران اسماعیل سمیت 7 ملزمان کو 13 اپریل کو آفس میں طلب کیا ہے۔ ملزمان پر محکمۂ مال کے کاغذات میں مبینہ ردوبدل کا الزام ہے۔
شہباز شریف توہینِ عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں۔پرویز الٰہی
محکمۂ مال کے کاغذات میں ردوبدل کا مقدمہ بھی درج کیا گیا تھا۔ اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ عمران اسماعیل اور عامر کیانی نے غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹی کے نام پر سادہ لوح افراد سے دھوکہ دہی کی۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے مالک عاصم عزیز کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ تاحال عمران اسماعیل اور عامر محمود کیانی کی جانب سے اینٹی کرپشن میں پیش ہونے کے متعلق بیان سامنے نہیں آیا۔