اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم کی نااہلی کی صورتحال پیدا ہوئی تو ہم بھی پوری طرح تیار ہیں، پارلیمنٹ نے فل کورٹ کی بات کی تو چیف جسٹس سے استدعا ہو گی کہ غور کریں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا نجی چینل سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آئین میں گنجائش نہ ہوئی تو الیکشن کسی صورت آگے نہیں جائیں گے، جو بھی نتائج ہوں، ہم پارلیمنٹ کے ساتھ کھڑے ہوں گے، آئین مدت سے آگے جانے کی اجازت دے گا تو جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خود کو سیاست دان کے طور پر متعارف کرائیں اور سیاست دانوں کے ساتھ بیٹھیں، تین، دو، تین چار کا مسئلہ عمران کے رویئے کی وجہ سے پیدا ہوا۔
رانا ثنااللہ خان نے رحیم یار خان میں کچے کے علاقے میں کامیاب آپریشن پر پنجاب پولیس اور آئی جی پنجاب کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس آپریشن میں اغوا شدہ دو معصوم بچوں کی زندہ سلامت بازیابی پنجاب پولیس کی عمدہ کارکردگی کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں، افسران اور آئی جی پنجاب کی فرض شناسی اور دلیری کی حوصلہ افزائی کی جائے گی، اس سلسلے میں وزارت داخلہ وزیر اعظم کو سفارش کرے گی، اس آپریشن میں وفاقی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
مزید پڑھیں:روس سے سستے تیل کی درآمد اسی مہینے شروع ہو جائیگی، مصدق ملک
وزیر داخلہ نے کہا کہ کچے کے علاقے کو ڈاکوؤں سے پاک کرنے کیلئے پنجاب پولیس کا آپریشن قابل ستائش ہے، وفاقی حکومت پوری طرح سے اس آپریشن کے ساتھ کھڑی ہے،آئی پنجاب نے آپریشن کو خود لیڈ کر کے ایک عمدہ اور اعلیٰ مثال قائم کی۔