اسلام آباد: حکمراں سیاسی جماعت مسلم لیگ (ن) کی حلیف عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے اعلان کیا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر اے پی سی (آل پارٹیز کانفرنس) بلائی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق رہنما اے این پی امیر حیدر ہوتی نے کہا کہ اے پی سی 3 مئی کو اسلام آباد میں ہونے والی ہے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
عمران خان نے اے پی سی کے انعقاد کی حمایت کردی
خیال رہے کہ وفاقی حکومت سپریم کورٹ احکامات کے باوجود انتخابات کے انعقاد کیلئے تیار نہیں۔ خیبر پختونخوا میں اے این پی کے صدر ایمل ولی خان کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں بیک وقت انتخابات 8 اکتوبر کو ہونے چاہئیں۔
سپریم کورٹ کا فیصلہ آ جانے کے بعد وفاقی کابینہ نے گزشتہ روز ہی الیکشن کمیشن کو انتخابات کے انعقاد کیلئے مطلوبہ فنڈز جاری کرنے کی بجائے معاملہ پارلیمنٹ میں بھجوا دیا تھا۔
دوسری جانب پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پراسیجر بل 2023 کی منظوری سے چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطا بندیال سمیت الیکشن کے حق میں فیصلہ کرنے والے ججز پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔
اے این پی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ملک میں جاری سیاسی صورتحال پر غور و خوض اور مشاورت کے علاوہ اپوزیشن اور حکومت کے سیاستدانوں کو مل بیٹھ کر معاملات حل کرنے کیلئے بھی اے پی سی کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔