محکمۂ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے دعویٰ کیا ہے کہ لاہور سمیت دیگر اضلاع سے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد اور دستی بم برآمد ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت دیگر اضلاع سے 8 دہشت گردوں کو گرفتار کیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، دستی بم اور لٹریچر برآمد ہوا ہے۔
شوگر مافیا کیخلاف بڑا کریک ڈاوں، 28 ہزار بوریاں برآمد
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سے کالعدم تنظیم کے اختر نواز اور محمد عثمان بھی گرفتار ہوئے۔ پنجاب کے دیگر اضلاع بشمول گوجرانوالہ سے 4، ڈی جی خان اور بہاولپور سے ایک ایک دہشت گرد گرفتار ہوا۔
گرفتار دہشت گردوں میں فواد اللہ، فقیر محمد، آصف نواز، ضیاء الرحمان، عتیق احمد اور بشیر شامل ہیں۔ دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیموں سے ہے جن کے خلاف 6 مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو 21 کومبنگ آپریشنز کے دوران مشترکہ افراد سے پوچھ گچھ کے دوران گرفتار کیا گیا۔ پنجاب بھر میں رواں ہفتے 402 کومبنگ آپریشنز ہوئے جن میں 22 ہزار 921 مشتبہ افراد کی چیکنگ کی گئی۔
حکام کے مطابق 118 مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ان دہشت گردوں کے خلاف 89 مقدمے درج کر لیے گئے۔