لاہور:وزیراعظم محمد شہباز شریف نے لاہور اور قصور میں مفت آٹے کی تقسیم کے مختلف مقامات کا اچانک دورہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں آٹے کی تقسیم کے دوران کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے۔
بزرگ، معذور اور علیل لوگوں کا خاص خیال رکھا جائے۔ جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے خواتین اور مرد شہریوں سے مفت آٹے کی فراہمی میں مشکلات کے بارے میں پوچھا۔
وزیراعظم نے آٹے کے معیار اور اس کے حصول کیلئے مشکلات سے متعلق بھی شہریوں کی رائے بھی معلوم کی۔وزیراعظم نے شہریوں کی آراء کی روشنی میں حکام کو اقدامات کی ہدایت کی۔وزیراعظم نے شہریوں کے لئے انتظار گاہ کا بھی دورہ کیا،انتظامات دیکھے۔
وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں کسی شہری کو کوئی تکلیف نہیں ہونی چاہئے،بزرگ، معذور اور کمزور افراد کا خاص خیال کیا جائے،بزرگ خواتین اور بچوں کے ہمراہ آنے والی خواتین کے لئے بھی بہترین انتظامات یقینی بنائیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ اس کار خیر کو سرکاری ڈیوٹی نہیں خدائی ڈیوٹی سمجھ کر انجام دیں،رمضان المبارک میں مخلوق خدا کی خدمت کرکے باری تعالیٰ کو راضی کریں۔ وزیراعظم مفت آٹا سینٹر میں آئے بچوں سے بھی ملے، بات چیت بھی کی۔
مزید پڑھیں:چین نے پاکستان کے ذمہ 2 ارب ڈالر قرض کی ادائیگی رول اوور کردی، وزیر خزانہ
وزیراعظم نے شہریوں میں مفت آٹے کے تھیلے بھی تقسیم کئے۔ وزیراعظم نے سیکرٹری فوڈ، چیف سیکرٹری پنجاب، ڈپٹی کمشنرز کو بہتر انتظامات پر شاباش دی اور وزیراعظم نے انتظامیہ اور عملے کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔