اسلام آباد سمیت ملک کے بڑے حصے میں شدید زلزلہ، 9 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

مقبول خبریں

کالمز

Munir-Ahmed-OPED-750x750-1
پرتگال اور پاکستان کے درمیان 75 سالہ خوشگوار سفارتی تعلقات
Munir-Ahmed-OPED-750x750-1
دھوکا دہی کے بدلے امن انعام؟
Ceasefire or a Smokescreen? The US-Iran Next Dialogue of Disillusions
جنگ بندی یا دھوکہ؟ امریکا اور ایران کے درمیان فریب پر مبنی اگلا مکالمہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

وفاقی دار الحکومت اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور 160 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، ابھی تک کی اطلاعات کے مطابق صوبے بھر میں تقریباََ 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔

زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔

علاوہ ازیں بہاول پور، لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آگئے۔

زلزلے کے باعث 9 افراد جاں بحق

شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات پیش آئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کر خاتون جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئردیر میں بھگڈر مچنے سے ایک شخص بھی جاں بحق ہوا جبکہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں زلزلے کے دوران خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی۔

 اس کے علاوہ پولیس کے مطابق سوات کے علاقے بدین میں گھر کی دیوار گرنے سے 13 سال کی لڑکی جاں بحق ہوئی۔ سوات ہی کے علاقے شموزئی میں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور 2 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق سیدوشریف اسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 50 افراد لائے گئے جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہی شہر صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122  ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ زلزلے سے خیبر پختونخوا کے 5  اضلاع سےچھت اور دیواریں گرنےکی اطلاعات ملی ہیں، ایمرجنسی کالز صوابی، چترال، بونیر، مردان اور لوئر دیر سے موصول ہوئیں۔

ادھر کوہستان میں زلزے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے جبکہ کالام کےقریب کرکنڈی پل پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بحرین روڈ بلاک ہوگیا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے متاثر ہوئی ہے اور اس کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں۔ رہائشی فلیٹس سے باہر نکل آئے۔ ضلعی انتظامیہ بلڈنگ کا معائنہ کرے گی۔

آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آفٹر شاکس کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق آفٹرشاکس 10بجکر 43 منٹ پر آئے ، زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا اور گہرائی 156 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

اسپتالوں میں ہائی الرٹ

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے تمام  اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

Related Posts