دوحا: قطر میں ہونے والی لیجنڈز لیگ 2023 کے فائنل میں شاہد آفریدی کی قیادت میں ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
قطر کے دارلحکومت دوحا میں لیجنڈز لیگ 2023 کے فائنل میں شاہد آفریدی کی قیادت میں ایشیا لائنز نے ورلڈ جائنٹس کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ویسٹ اینڈ پارک انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے فائنل میں جائنٹس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنےکا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے، روس ٹیلر نے 32 رنز بنائے جبکہ جیک کیلس نے 78 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی۔
پاکستان ویمن فٹ بال ٹیم کی کپتان ماریہ کو بنت حوا اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا
ہدف کے تعاقب میں ایشیا لائنز کے اوپنرز تلکا رتنے دلشان اور اپل تھرنگا کے درمیان 115 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی، دلشان نے 58 اور تھرنگا نے 57 رنز بنائے، محمد حفیظ اور مصباح الحق 9 ، 9 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر لیجنڈز لیگ میں ایشیا لائنز کی کپتانی کے فرائض سر انجام دینے والے شاہد آفریدی اور ٹیم نے ٹرافی کو افغانستان کے لوگوں کے نام کردیا۔
اس موقع پر سابق کرکٹر اصغر افغان نے کپتان شاہد آفریدی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم وطنوں کے ساتھ ٹرافی کے ہمراہ جشن منائیں گے۔