لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے افغانستان کے خلاف کرکٹ سیریز کھیلنے کیلئے قومی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس میں بابر اعظم کی جگہ شاداب خان کو کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق افغانستان کے خلاف قومی ٹیم کے اسکواڈ میں آل راؤنڈر شاداب خان بطور کپتان شامل ہو گئے جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں عبداللہ شفیق، اعظم خان، فہیم اشرف اور افتخار احمد شامل ہیں۔
شاداب خان کو قومی ٹیم کا کپتان بنانے کا فیصلہ
افغانستان کے خلاف سیریز کیلئے قومی ٹیم کے اسکواڈ میں نسیم شاہ، صائم ایوب، طیب طاہر، شان مسعود، احسان اللہ، زمان خان، محمد حارث، عماد وسیم اور محمد وسیم جونیئر بھی شامل ہیں۔
چیئرمین پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ پی ایس ایل میں پرفارم کرنے والے کھلاڑیوں کو موقع دیا جائے گا۔ 3 میچز پر مشتمل سیریز میں نوجوان کھلاڑی سامنے آئیں گے۔
پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان ورلڈ کپ کی تیاری کر رہا ہے۔ کچھ سینئر کھلاڑیوں کو 2 سال سے بہت زیادہ کرکٹ کھیلنی پڑ رہی ہے۔ 4 سے 5 لوگ افغان سیریز کے دوران آرام کریں گے۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ کپتان بابر اعظم کے علاوہ محمد رضوان، حارث رؤوف، شاہین آفریدی اور فخر زمان بھی آرام کریں گے۔ زیادہ کرکٹ کھیلیں تو کھلاڑیوں کیلئے آرام بھی ضروری ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے افغانستان کے ساتھ سیریز کھیلنے کی ہدایت کی۔ جب تک افغانستان سے معاہدے پر دستخط نہیں ہوجاتے، کچھ کہنا قبل از وقت قرار دیا جاتا۔ سیریز کیلئے افغانستان سے رابطہ ہوا تھا۔