معروف اداکارہ یمنیٰ زیدی اور اداکار وہاج علی کا ڈرامہ سیریل ’تیرے بن‘ صرف پاکستان میں ہی مقبول نہیں ہورہا بلکہ سرحد پار بھی یہ مقبولیت کے نئے ریکارڈ قائم کررہا ہے۔
حال ہی میں سوشل میڈیا پر اس وقت بحث کا آغاز ہوگیا جب اچانک اس ڈرامے کے گانے کی ویڈیو اور اس کی اقساط یوٹیوب سے ہٹادی گئیں۔ جس کی وجہ یہ سامنے آئی کہ پڑوسی ملک بھارت جو خود پاکستانی گانوں کی نقل تیار کرتا رہتا ہے، اِس ملک کی ایک مشہور میوزک کمپنی کو ایسا لگتا ہے کہ پاکستانی ڈرامہ سیریل تیرے بن کاگانا اُن کےگانے کی نقل ہے۔
بھارتی میوزک کمپنی زی میوزک نے دعویٰ کیا کہ پاکستانی ڈرامے کا گانا بھارتی گانے ‘ٹھکرا کے میرا پیار میرا انتقام دیکھے گی” کی نقل ہے۔
اس دعویٰ کے بعد یوٹیوب پر ڈرامے کی شروع کی اقساط اور اس کے گانے کی ویڈیو ہٹادی گئی ہے، جس پر سوشل میڈیا صارفین بھارتی میوزک کمپنی کو شدید تنقید کانشانہ بنارہے ہیں۔
صارفین کی جانب سے سوشل میڈیا پر #JusticeForTereBin کا ہیش ٹیگ چلایا جارہا ہے، صارفین میں سے کچھ کا کہنا ہے کہ چونکہ یہ ڈرامہ بھارت میں بہت زیادہ مقبول ہورہا تھا اس لئے میوزک کمپنی نے ڈرامے پر نقل کرنے کا الزام لگایا ہے۔
سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کے بعد ڈرامے کے گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر دوبارہ اپلوڈ کردی گئی ہے، تاہم اس کی کچھ اقساط ابھی بھی یوٹیوب پر دوبارہ اپلوڈ نہیں کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ اس پر جیو انٹرٹینمٹ کی جانب سے ابھی تک کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔