راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ (اے ایم ایل) کے سربراہ شیخ رشید احمد نے غلط ترجیحات پر عمل کرنے پر حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے لئے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی گرفتاری اور نااہلی، مہنگائی اور گرتی ہوئی معیشت سے زیادہ اہم ہے۔
ٹویٹس کی ایک سیریز میں، سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ پی ٹی آئی سربراہ کی تقاریر پر پابندی اور ان کی گرفتاری کی کوششوں سے حکومت کی ترجیحات واضح طور پر ظاہر ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف لندن میں مہنگے اسٹورز کا دورہ کرنے میں مصروف ہیں لیکن غریب عوام ذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے انتخابی شیڈول کا اعلان اسی ہفتے کر دیا جائے گا لیکن خدشہ ہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) انتخابات میں تاخیر کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
انہوں نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سیلاب زدگان کی بحالی کے حوالے سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہ کرنے پر حکومت چھوڑنے کے حوالے سے دیے گئے اشارے پر بھی ردعمل کا اظہار کیا۔
مزید پڑھیں:عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے 150 کارکنوں پر مقدمہ درج
انہوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین نے وزیر خارجہ کی توجہ حاصل نہیں کی جنہوں نے الیکشن لڑنے کا اعلان بھی کیا ہے اور مخلوط حکومت سے علیحدگی کا انتباہ دیا ہے۔