بھارت میں پاکستانی گانوں کی نقل تیار کرنا کوئی نئی بات نہیں، ماضی میں بھی بھارت میں کئی پاکستانی گانوں کی نقل تیار کی جاچکی ہے، نقل شدہ گانوں کی ایک طویل فہرست ہے جس میں بھارت نے پاکستانی گلوکاروں کا نام لکھے بغیر یا اُن کی اجازت لئے بغیر گانوں کو پیش کیا ہے۔
اب کی بار بھارت کے معروف گلوکار جوبن نٹیال اس فہرست کا حصہ بنے ہیں، انہوں نے گلوکار طاہر شاہ کا گانا ’آئی ٹو آئی‘ چوری کیا جس کے بعد سوشل میڈیا صارفین کے طنز و تمسخر کے نشتروں کا نشانہ بن گئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر بھارتی میوزک پروڈیوسر مایور جومانی (Mayur Jumani) نے ایک ویڈیو شیئر کی۔ انہوں نے ویڈیو میں گانے ’آئی ٹو آئی‘ کو جوبن نوٹیال کے گانے ’مست آنکھیں‘ کے ساتھ مکس کرکے پیش کیا جس پر بھارتی سوشل میڈیا صارفین بھی اپنی ہنسی کنٹرول نہ کرسکے۔
صارفین کے مطابق جوبن نوٹیال کا کاپی کرنے میں کوئی ثانی نہیں، گانا تو گانا، انہوں نے طاہر شاہ کے لُکس بھی کاپی کرلئے۔ ایک اور صارف نے کہا کہ پاکستانی بے کار میں طاہر شاہ کو ہلکا لے رہے تھے جبکہ ایک صارف کا کہنا تھا کہ طاہر شاہ اب جوبن نوٹیال سے بڑے گلوکار بن گئے۔