دوحہ: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو کم ترقی یافتہ ممالک کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھانے ہوں گے جبکہ موسمیاتی تغیرات نے کم ترقی یافتہ ممالک پر بہت زیادہ اثرات مرتب کیے۔
تفصیلات کے مطابق قطری دارالحکومت دوحہ میں کم ترقی یافتہ ممالک کی پانچویں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث قدرتی آفات کا شکار ہوئے۔ ایسے ممالک عالمی آبادی کا 14فیصد بنتے ہیں۔
عمران خان قانونی کارروائی روکنے کیلئے چھپ جاتے ہیں۔شیری رحمان
عالمی کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ عالمی جی ڈی پی میں کم ترقی یافتہ ممالک کا حصہ 1.3فیصد، عالمی تجارت میں 1 فیصد اور عالمی ایف بی آئی میں 1.4 فیصد ہے۔ متعدد بحرانوں کے باعث جی ڈی پی کی شرح مزید کم ہوگئی جبکہ تجارت سکڑ گئی ہے۔
کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک میں عدم مساوات، غذائی عدم تحفظ اور غربت میں اضافہ ہوا۔ پاکستان کے ترقی کے اہداف کو بھی دھچکے لگے۔ ہم ترقی یافتہ ممالک کے ساتھ سماجی خوشحالی کیلئے تعاون کے عزم کا اظہار کرتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کم ترقی یافتہ ممالک کے عوام کی ترقی کیلئے عالمی برادری مل کر اقدامات اٹھائے، قرض کی شرائط آسان کی جائیں۔ عوام کو سماجی تحفظ دیا جائے اور جدید ٹیکنالوجی تک رسائی آسان کردی جائے۔ ہم دوحہ پروگرام آف ایکشن کے نفاذ کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔