امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک مافیا کے خلاف کوئی پارٹی بات کرنے کے لئے تیار نہیں، ایم کیو ایم کے اتحاد کے نام پر مردہ گھوڑے میں جان ڈالنے میں کے الیکٹرک مافیا بھی ملوث ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تمام دھڑوں کے ملنے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، ہم کراچی والوں کو ہمارا حق چاہیے، ہمیں الیکشن چاہئیں، یہ تمام جماعتیں اکٹھی ہوکربلدیاتی الیکشن کی مخالفت کر رہی ہیں، جو کراچی کے ساتھ بد ترین دشمنی ہے۔
حافظ نعیم نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دھڑوں کا مرجر زرداری، ٹیسوری ڈاکٹرائن کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سب مل کر کراچی کو مزید تباہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری اطلاعات کے مطابق اس ڈاکٹرائن کے تحت کے الیکٹرک مافیا اور کچھ اداروں کے سابق افسران بھی اس اتحاد کیلئے کوشاں ہیں۔