اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ 1320 میگا واٹ کے تھر کول پر مبنی پاور پلانٹ کا پہلا 660 میگا واٹ یونٹ نیشنل گرڈ سے منسلک ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرِ توانائی خرم دستگیر نے اپنے ٹوئٹر بیان میں کہا کہ شنگھائی الیکٹرک میں 1320 میگا واٹ کے تھر کول پر مبنی پاور پلانٹ کا پہلا 660 میگا واٹ یونٹ نیشنل گرڈ سے منسلک ہوگیا ہے۔
پاکستان 2047 تک دنیا کی 10 بڑی معیشتوں میں شامل ہوجائیگا۔مسعود خان
اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیرِ توانائی نے کہا کہ مقامی وسائل سے کم لاگت بجلی کا اضافہ خوشخبری ہے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) اقدام کا ثمر قرار دیا جاسکتا ہے۔
خیال رہے کہ شنگھائی الیکٹرک صوبہ سندھ کے صحرائے تھر کے بلاک آئی میں 660 میگا واٹ کے 2 الٹر سپر کریٹیکل کوئلے سے چلنے والے پاور پلانٹس کا اسپانسر ہے۔ اس منصوبے میں 7.8 ملین تن سالانہ صلاحیت کی مربوط کوئلے کی کان بھی شامل ہے۔
دریں اثناء وفاقی وزیرِ توانائی کی جانب سے ری ٹویٹ کردہ ایک اور ٹوئٹر پیغام کے مطابق 660 میگا واٹ کے دیگر یونٹس بھی پیر کے روز (آج) نیشنل گرڈ سے منسلک ہوجائیں گے جس کے بعد دونوں یونٹس مل کر قومی گرڈ میں 1320 میگا واٹ بجلی فراہم کریں گے۔
بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مرحلے پر بجلی گھر تجارتی آپریشن شروع کرنے سے قبل ٹیسٹنگ کے مقاصد کیلئے قومی گرڈ میں بجلی فراہم کرنا شروع کردیں گے۔ جنریشن کمپنی کے مطابق پاور پلانٹس 40 لاکھ گھرانوں کو سستی توانائی فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔