کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی نے چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان پر وزیرآباد میں قاتلانہ حملے کیخلاف مذمتی قرارداد سندھ اسمبلی میں جمع کرادی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی اراکینِ اسمبلی کی جمع کرائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان پر قاتلانہ حملہ ملک کی سالمیت پر سوالیہ نشان ہے۔
عمران خان کا صدرِ مملکت کو خط، اہم مطالبات کردیے
سندھ اسمبلی میں جمع قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ واقعے میں پی ٹی آئی کے کارکن معظم گوندل شہید ہوئے جس پر گہرا صدمہ ہے۔ موجودہ حالات میں عمران خان پر مائنس ون فارمولے کا استعمال کیا جارہا ہے۔
اسمبلی میں جمع قرارداد میں کہا گیا کہ مائنس ون فارمولا ملک میں مزید عدم استحکام کو فروغ دے رہا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں سے گزارش کی گئی کہ واقعے میں ملوث عناصر کیخلاف تحقیقات یقینی بنائیں۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ پنجاب پولیس آئین کے آرٹیکل 25 کے تحت واقعے کا مقدمہ درج کرے۔ ملک کو انتشار سے نکالنے کیلئے شفاف الیکشن کے سوا دوسرا کوئی حل نہیں ہے۔
پاکستان تحریکِ انصاف کے پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے قرارداد جمع کرانے کے موقعے پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ 2013 سے 2022 تک سندھ اسمبلی میں مختلف عوامی مسائل پر ہم نے تحریک التوا اور قراردادیں جمع کرائیں۔
پارلیمانی لیڈر سندھ اسمبلی نے کہا کہ آج کی قرارداد بہت اہم ہے، سابق وزیر اعظم عمران خان پر وزیر آباد میں قاتلانہ حملہ ہوا ، ہم اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں جس نے ہمارے لیڈر کو اپنے حفظ و امان میں رکھا۔
رکنِ سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمیں افسوس ہے اس واقعے میں جنہیں نامزد کیا گیا، ان کے خلاف مقدمہ درج نہیں ہوسکا۔ اس وقت ملک میں سب سے بڑا ووٹ بینک عمران خان کے پاس ہے۔
پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارا لیڈر مسلمانوں کی آواز ہے،عمران خان پر کیے جانے والے حملے کو پٹواری حکومت نے مذہبی رنگ دینے کی کوشش کی۔ سب جانتے ہیں کہ صوبوں میں تعینات کیے گئے آئی جیز کی سلامیاں کس طرف ہوتی ہیں۔
تحریکِ انصاف رہنما نے کہا کہ پنجاب کے آئی جی کو چاہیئے کہ وہ بتائیں کہ انہیں مقدمے کے اندراج میں رکاوٹیں امپورٹڈحکومت کی جانب سے آرہی ہیں، خدا نہ کرے اس دن عمران خان کو کچھ ہوجاتا تو ملک کہاں کھڑا ہوتا؟
سابق صدر پی ٹی آئی کراچی خرم شیر زمان نے کہا کہ دنیا بھر کے رہنماؤں نے عمران خان سے اس واقعے پر فون کرکے افسوس کیا،مخالفیں اب اس بات کر یقین کرلیں کہ عمران خان اس ملک میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کا واحد حل شفاف انتخابات ہے، ملک میں سیاسی عدم استحکام ملک میں مزید معاشی سرگرمیوں کو متاثر کررہا ہے۔ ملک کو فوری عام انتخابات کی طرف لے جایا جائے ۔