کراچی: میر پور ماتھیلو میں ڈاکوؤں سے ہونے والے پولیس مقابلے کے دوران 3 افسران سمیت پولیس کے 5 اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پولیس مقابلہ میر پور ماتھیلو میں اوباڑو رونتی کے علاقے میں ہوا۔ کچے کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران شہید پولیس افسران میں ایس پی اوباڑو اور 2ایس ایچ اوز سمیت 5 اہلکار شہید ہوئے۔
عمران خان پر حملے کے کیس میں پیشرفت، وزیر آباد سے ایک اور ملزم گرفتار
کچے کے علاقے میں ہونے والے پولیس مقابلے کے متعلق ایس ایس پی گھوٹکی تنویر تنیو نے کہا کہ چند روز قبل 3 بچوں کو اوباڑو سے اغواء کیا گیا۔ ڈاکوؤں سے مغوی بچوں کی بازیابی کیلئے آپریشن جاری تھا۔
ٹارگیٹیڈ آپریشن کے دوران پولیس پر حملہ ہوا۔ ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں 1 ڈی ایس پی، 2 ایس ایچ اوز اور 2 سپاہیوں نے جامِ شہادت نوش کر لیا۔ ڈی ایس پی اوباڑو عبدالمالک بھٹو شہید ہونے والوں میں شامل ہیں۔
جامِ شہادت نوش کرنے والوں میں ایس ایچ او میر پور ماتھیلو عبدالمالک کمانگر، ایس ایچ او کھینچو دین محمد لغاری اور دو سپاہی شامل ہیں جن کے نام جتوئی پتافی اور دین محمد ہیں جس پر پولیس حکام نے افسوس کا اظہار کیا۔
ایس ایس پی گھوٹکی کا کہنا ہے کہ شہید اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ان کی شہادت سے پیدا ہونے والا خلاء پر نہیں کیاجاسکتا۔ شہادت ہمارا زیور ہے۔ پاک فوج اور رینجرز کے علاوہ پولیس بھی جانیں قربان کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکو جدید اسلحے کے ساتھ حملہ کرتے ہیں، تاہم پولیس نے آپریشن جاری رکھا ہوا ہے۔ شہید اہلکاروں کی میتیں تحویل میں لی جاچکی ہیں۔ جوانوں کے حوصلے بلند ہیں۔ 100 سے زائد جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشن جاری رکھیں گے۔