وزیر خارجہ کی یورپی یونین کے عہدیداران سے ملاقات، سیلاب زدگان کی امداد پر اظہارِ تشکر

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

دبئی: وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپی یونین عہدیداران سے ملاقات کے دوران سیلاب زدگان کی امداد پر تشکر کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر کے ہمراہ یورپی یونین کے عہدیداران جوزپ بوریل اور اینریک مورا سے گزشتہ روز متحدہ عرب امارات میں ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:

عمران خان کی تنقید کا نشانہ بننے والے فوجی افسر کون ہیں؟

ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان وقت کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہونے والے کثیر جہتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فریقین کے مابین حالیہ گفتگو مثبت پیشرفت کا پیش خیمہ ہے۔ 

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے حالیہ موسمیاتی سیلاب سے ہونے والی تباہی کے بعد یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کی جانب سے پاکستان کے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے 133 ملین یورو دینے پر اظہارِ تشکر بھی کیا۔ 

اس موقعے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے کو بحالی اور تعمیر نو کے کاموں کے سلسلے میں پاکستان کو درپیش بڑے چیلنجز سے آگاہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے ماحولیاتی انصاف کو یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔

یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے نے مشکل چیلنج سے نمٹنے میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دونوں فریقین نے جی ایس پی پلس پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور یورپی یونین مستقبل میں بھی جی ایس پی پلس سے مستفید ہوتے رہیں گے۔اعلیٰ نمائندے نے جی ایس پی پلس اسکیم کا حصہ بننے والے بین الاقوامی کنونشنز پر عمل درآمد میں پاکستان کی پیش رفت کو سراہا۔

Related Posts