سڈنی:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کو 33 رنز سے شکست دے دی۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا،پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 185 رنز بنائے، پاکستان کی اوپننگ جوڑی آج بھی فیل ہوگئی، جبکہ بابر اعظم ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
اننگز کے آغاز پر ہی محمد رضوان نے چوکا مارا اور 4 رنز بناکر وین پرنیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے، اس کے بعدمحمد حارث نے 11 گیندوں پر 28 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 3 چھکے اور 2 چوکے شامل تھے۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم 6، شان مسعود 2 اور محمد نواز 28 رنز بناکر پویلین لوٹے۔پاکستانی ٹیم کا اسکور افتخار احمد اور شاداب خان نے سنبھالا، دونوں نے بالترتیب 51 اور 52 رنز کی اننگز کھیلی۔
جنوبی افریقی ٹیم کو 186رنز کے ہدف کے تعاقب میں آغاز میں ہی مشکلات رہیں، شاہین شاہ آفریدی نے رائیلی روسو اور کوئنٹن ڈی کوک کو آؤٹ کیا اور ساتھ ہی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں 50 وکٹیں مکمل کرلیں۔
گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلا دیش کے خلاف بھارت کی جیت نے پاکستان کے سیمی فائنل تک رسائی کے چانسز کو مزید مشکل بنادیا تھا۔
مزید پڑھیں:افتخار کا طویل ترین چھکا، پاکستان کا جنوبی افریقہ کو میچ جیتنے کیلئے 186رنز کا ہدف
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے گروپ 2 میں بھارت نے 4 میں سے 3 میچز جیت کر 6 پوائنٹس حاصل کرلئے ہیں جبکہ ساؤتھ افریقہ کے4 میچز میں 5 پوائنٹس ہیں اور پاکستان ٹیم 4 میچز میں 4 پوائنٹس حاصل کرسکی ہے۔