ماسکو: روس کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتوں کے مابین کسی بھی جوہری تصادم سے گریز ہماری اوّلین ترجیح ہے تاہم، مغرب ہمیں مستقل جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر اُکسا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق روس نے دنیا کی پانچ بڑی جوہری طاقتوں کے براہِ راست تصادم کے خدشے سے خبردار کردیا۔ روسی دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ مسلح تصادم تباہ کن نتائج لاسکتا ہے۔
داعش کی امریکی خاتون کمانڈر کو بیس سال سزائے قید
مغربی ممالک کی جانب سے مبینہ طور پر جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر اُکسانے کی کوششوں کو خطرناک کھیل قرار دیتے ہوئے روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ہم عالمی جوہری طاقتوں کے مابین تصادم روکنے کیلئے پرعزم ہیں۔
روسی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ روس جوہری ہتھیاروں کی جنگ سے بچاؤ کا خواہاں ہے۔ ہماری اوّلین ترجیح ہے کہ عالمی جوہری طاقتیں آپس میں کسی بھی قسم کے تصادم سے گریز کریں۔ جوہری جنگ کی روک تھام کے بیان پر قائم ہیں۔
وزارتِ خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ روس سمیت دیگر جوہری طاقتوں کو بھی آپس کے تصادم کو روکنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا۔ قبل ازیں 3 جنوری کو روس، امریکا، برطانیہ، چین اور فرانس نے مشترکہ بیان میں جوہری جنگ سے بچاؤ کیلئے عزم کا اظہار کیا تھا۔