بیجنگ: وزیر اعظم شہباز شریف نے 2 روزہ سرکاری دورۂ چین کے موقعے پر اپنے چینی ہم منصب لی کیچیانگ سے ملاقات کی ہے جس کے دوران پاک چین تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ نے باہمی ملاقات کے دوران سی پیک منصوبوں کی جلد از جلد تکمیل اور وسعت دینے پر اتفاق کیا۔ اس دوران دو طرفہ تعاون اور پاک چین تعلقات پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
وزیر اعظم کی چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات
ملاقات کے بعد چین اور پاکستان کے مابین معاہدوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ گریٹ ہال آف پیپل میں وزیر اعظم شہباز شریف کو گارڈ آف آنرز بھی پیش کیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے بھی ملاقات کی جس کے دوران پاک چین تعلقات اور سی پیک پر گفتگو ہوئی۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے چینی صدر شی جن پنگ سے چینی دارالحکومت بیجنگ کے گریٹ ہال میں ملاقات کی جس کے دوران مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت ہوئی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیرِ اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج وزیر اعظم نے چینی صدر سے ملاقات کی جس کا آغاز عوامی حکومت آفس کے گریٹ ہال میں ہوا۔