اسلام آباد: پاکستان نے روسی سینٹر کے دعوے پر یوکرین سے ایٹمی معاملات پر گفتگو کی تردید کرتے ہوئے روس سے وضاحت طلب کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور یوکرین کے حال ہی میں جوہری ہتھیار تیار کرنے کی ٹیکنالوجی پر بات چیت کے روسی سینیٹر کے دعوے پر دفترِ خارجہ نے روس کی ولادی میر پیوٹن حکومت سے وضاحت طلب کی۔
صدرِ مملکت کا ارشد شریف کے قتل پر جوڈیشل کمیشن بنانے کیلئے خط
ترجمان دفترِ خارجہ نے گزشتہ روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ روسی سینیٹر کے بے بنیاد بیان پر حیرت ہے جس کی کوئی منطق نہیں، بیان پاک روس تعلقات کی روح سے مکمل طور پر متصادم نظر آتا ہے۔
دفترِ خارجہ ترجمان نے مزید کہا کہ روس سے سینیٹر کے بیان پر وضاحت طلب کر لی گئی ہے۔ واضح رہے کہ روسی سینیٹر ایگورمورزوف نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان اور یوکرین کے مابین بات چیت ہوئی۔
روسی سینیٹر ایگورمورزوف کا کہنا تھا کہ یوکرین اور پاکستان کے حکام نے جوہری ہتھیار تیار کرنے کی ٹیکنالوجی پر تبادلۂ خیال کیا۔ سینیٹر کا بیان روس کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی جانب سے سامنے آیا۔
خبر رساں ایجنسی کے دعوے کے مطابق روسی فیڈریشن کونسل کی دفاعی کمیٹی کے رکن ایگورموروزوف نے دعویٰ کیا کہ یوکرینی ماہرین پاکستان پہنچے اور جوہری ہتھیاروں پر گفتگو کیلئے ایک وفد سے ملاقات بھی کی تھی۔