اسلام آباد: اسلام آباد کی بینکنگ عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک توسیع کردی ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے بھی عمران خان کی عبوری ضمانت میں 9 نومبر تک توسیع کردی ہے۔ عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔
بنکنگ کورٹ کی جج رخشندہ شاہین نے فارن کرنسی ایکسچینج ایکٹ کے تحت درج مقدمہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کے حوالے سے سماعت کی۔
عمران خان کے وکیل انتظار پنجوتھا نے حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان لاہور میں لانگ مارچ کی قیادت کر رہے ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے حدود کا تنازعہ حل کردیا ہے۔ ہماری درخواست آج کی حد تک ہے ویسے عمران خان ہر جگہ پیش ہوتے ہیں۔
اس موقع پر سپیشل پراسیکیوٹر نے استدعاکی کہ عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست مسترد کی جائے، یہ تو کوئی جواز نہ ہوا عمران خان لانگ مارچ کر رہے ہیں پیش نہیں ہو سکتے۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں 10 نومبر تک کیلئے توسیع کردی۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس حسن نے تھانہ ترنول میں درج دہشتگردی مقدمہ میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی عبوری ضمانت سے متعلق سماعت کی۔
سماعت کے دوران عمران خان کے وکیل بابر اعوان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے اور عمران خان کی ایک روزہ حاضری سے استثنی کی درخواست دائر کی۔
مزید پڑھیں:مل بیٹھ کر الیکشن کا فیصلہ کریں ورنہ کھیل ختم پیسہ ہضم، شیخ رشید
عدالت نے عمران خان کی حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کر لی اور عبوری ضمانت میں توسیع کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9 نومبر تک ملتوی کر دی۔