اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اسپیکر راجہ پرویز اشرف نے پی ٹی آئی رکنِ اسمبلی شکور شاد کو استعفے کی تصدیق کیلئے طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسپیکر نے رکنِ قومی اسمبلی عبدالشکور شاد کو کل دن 11 بجے اسپیکر چیمبر میں استعفے کی تصدیق کیلئے طلب کر لیا۔ طلبی کے احکامات عدالتی فیصلے کی روشنی میں جاری کیے گئے۔
مریم نواز نے ارشد شریف سے متعلق ٹوئٹ پر معذرت کرلی
پاکستان تحریکِ انصاف کے ٹکٹ پر عبدالشکور شاد کراچی کے حلقہ این اے 246 لیاری سے الیکشن جیت کر رکن منتخب ہوئے۔ تحریکِ انصاف اراکین کے اجتماعی استعفوں میں عبدالشکور شاد کا استعفیٰ بھی شامل تھا۔
بعد ازاں عبدالشکور شاد نے بطور رکنِ اسمبلی استعفے کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ استعفے پارٹی کی جانب سے ارسال کیے گئے جن پر انہوں نے دستخط نہیں کیے تھے۔
ہائیکورٹ نے عبدالشکور شاد کی استعفیٰ منظوری کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ آج سے 7روز قبل عدالت نے الیکشن کمیشن کی جانب سے شکور شاد کو بطور رکنِ اسمبلی ڈی نوٹیفائی کرنے کے حکم کو مزید 2ہفتوں کیلئے معطل کردیا۔