پاکستان کے معروف گلوکار اور اداکار فرحان سعید نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہ آنے کے فیصلے پر ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
حال ہی میں ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فرحان سعید نے کہا کہ اگر بھارت ایشیا کپ کے لیے پاکستان نہیں آتا تو پاکستان کرکٹ بورڈ کو چاہیے ورلڈ کپ کے دوران پاکستان سپر لیگ رکھے اور تمام پاکستانی وہ میچز دیکھیں اور ورلڈ کپ کا بائیکاٹ کریں۔
انہوں نے کہا کہ اس قسم کی حرکتیں کافی عرصے سے ہورہی ہیں، پاکستان کو بھی اب اس پر سختی سے ردعمل دینا چاہیئے، کسی سے بھی ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
فرحا ن سعید کا کہنا تھا کہ اگر ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں نمبر ون اور نمبر 3 بیٹر نہیں ہوگا تو وہ ورلڈکپ انتہائی بے رونق ہوگا، بھارت کو یہ سوچنا چاہیے کہ اب ہماری وہ حالت نہیں کہ ورلڈکپ میں ہمیشہ ہاریں گے، اب ہم انہیں منہ توڑ جواب دے سکتے ہیں۔
معلوم رہے کہ کچھ روز قبل ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ نے اعلان کیا تھا کہ 2023 کے ایشیا کپ میں بھارتی ٹیم پاکستان نہیں جائے گی۔