کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی جانب سے دی گئی شہرِ قائد کے حلقہ این اے 237 میں ضمنی الیکشن کا نتیجہ روکنے کی درخواست مسترد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریکِ انصاف نے این اے 237 میں ضمنی انتخاب کے دوران سابق وزیر اعظم عمران خان کے مدِ مقابل پی پی پی امیدوار حکیم بلوچ کی کامیابی چیلنج کی اور حلقے کے انتخاب کا نتیجہ روکنے کی استدعا کی۔
عمران خان کے خلاف این اے 237 میں حکیم بلوچ کی کامیابی چیلنج
پی ٹی آئی وکیل کا سندھ ہائیکورٹ میں دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ہم جب الیکشن کا نتیجہ روکنے کی درخواست لے کر گئے تو الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنے ہی دروازے بند کرلیے۔
سندھ ہائیکورٹ نے درخواست ناقابلِ سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کردی اور ہدایت کی ہے کہ کراچی کے حلقہ این اے 237 کا نتیجہ روکنے کیلئے اپنی درخواست الیکشن ٹریبونل کو دیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل تحریکِ انصاف سندھ کے صدرعلی زیدی نے حکیم بلوچ کی کامیابی کو چیلنج کرنے کیلئے ڈاکٹر شہاب امام ایڈووکیٹ کے توسط سے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی۔
پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں علی زیدی نے مؤقف اپنایا ہے کہ این اے 237 میں پیپلز پارٹی کارکنان نے جعلی ووٹ ڈالے۔ ہم نے دھاندلی کی شکایات الیکشن کمیشن سے کیں۔شفاف تحقیقات کا حکم دیا جائے۔