اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت آج کرے گی۔ عدالتِ عظمیٰ نے سابق وزیر اعظم کے خلاف مقدمے کی سماعت کیلئے لارجر بینچ تشکیل دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال عمران خان کے خلاف توہینِ عدالت کیس کی سماعت کریں گے جبکہ مقدمے کی درخواست وفاقی حکومت کی جانب سے دائر کی گئی ہے۔
پاکستان ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے حالت جنگ میں ہے، وزیر اعظم
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ ججز جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ آفریدی اور جسٹس مظاہر علی نقوی پر مشتمل ججز بینچ مقدمے کی سماعت آج دوپہر کے وقت کرے گا۔
وفاقی حکومت نے عمران خان کے خلاف کیس دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے روبرو مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کو 25 مئی کے روز سپریم کورٹ نے پر امن احتجاج کیلئے اجازت دی تاہم عمران خان احکامات کی خلاف ورزی کر رہے ہیں۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ عمران خان لانگ مارچ کے نام پر اسلام آباد پر ایک بار پھر چڑھائی کرنا چاہتے ہیں، آزادی مارچ کے اعلانات سپریم کورٹ کے احکامات کی واضح خلاف ورزی کے مترادف ہیں۔