پیرس: پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے فیصلے پر غور کیلئے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کا 2 روزہ اجلاس آج سے فرانس میں شروع ہورہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایف اے ٹی ایف حکام نے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا عندیہ دیا تھا۔ آج شروع ہونے والے اجلاس میں پاکستان کا نام نکالنے کیلئے حقائق کا جائزہ لیا جائے گا جبکہ پاکستانی حکام پر امید ہیں کہ گرے لسٹ سے نجات مل جائے گی۔
جاپان نے پاکستان کو 17کروڑ ڈالر قرض واپسی کیلئے رعایت دیدی
وفاقی وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کی ہدایت پر ایف اے ٹی ایف اجلاس میں پاکستانی وفد کی قیادت وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ حنا ربانی کھر کریں گی جبکہ پاکستان گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے ایف اے ٹی ایف کے دئیے گئے نکات پر عملدرآمد مکمل کرچکا ہے۔
ایف اے ٹی ایف نے 2018 میں پاکستان کا نام گرے لسٹ پر رکھنے کے بعد پہلے 27، پھر 7 اور پھر 6 نکات پر عملدرآمد کی ہدایت کی۔ عملدرآمد مکمل ہونے کے بعد زمینی حقائق کا جائزہ لینے کیلئے ایف اے ٹی ایف کی تکنیکی ٹیم پاکستان آئی تھی۔
فرانس میں ہونے والے اجلاس میں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس حکام کے علاوہ آئی ایم ایف، عالمی بینک اور انٹرپول کے حکام سمیت 206 تنظیموں کے وفود بھی شرکت کریں گے۔ ایف اے ٹی ایف وفد کی رپورٹ پر پاکستان کا نام آج یا کل تک گرے لسٹ سے نکالے جانے کی توقع کی جارہی ہے۔