سڈنی: آسٹریلیا نے یروشلم کے مغربی علاقے کو اسرائیل کے دارالحکومت کی حیثیت سے تسلیم کرنے کے سابقہ آسٹریلین حکومت کے فیصلے سے انکار کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آسٹریلین وزیرِ خارجہ پینی وونگ نے منگل کے روز یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم نہ کرتے ہوئے بیان جاری کیا کہ شہر کی حیثیت کو اسرائیل اور فلسطینی عوام کے مابین امن مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہئے۔
پاکستان سے تعلقات کی قدر کرتے ہیں۔امریکا
آسٹریلین وزیر خارجہ پینی ونگ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ہمیشہ اسرائیل کا ثابت قدم دوست رہے گا اور ہم دو ریاستی حل کیلئے پر عزم ہیں جس میں اسرائیل اور مستقبل کی فلسطینی ریاست بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ سرحدوں میں پر امن رہیں۔
بیان میں آسٹریلین وزیرِ خارجہ نے کہا کہ آسٹریلیا منصفانہ و پائیدار دو ریاستی حل کی طرف پیش رفت کے ذمہ دارانہ تعاقب میں عالمی کاوشوں کا ساتھ دینے کا اعادہ کرتا ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا کی سابق حکومت نے یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کیا تھا۔
سابق وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کا دسمبر 2018 میں مشرقِ وسطیٰ پر آسٹریلیا کی کئی دہائیوں سے تسلیم شدہ پالیسی کو یہ کہہ کر سبوتاژ کردیا تھا کہ آسٹریلیا مغربی یروشلم کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرتا ہے تاہم اپنا سفارت خانہ فوری منتقل نہیں کریں گے۔