اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ہمیں حضور نبئ کریم ﷺ کی مبارک تعلیمات کو اپنی زندگیوں کیلئے مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں آج جشنِ عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔ اس موقعے پر صدرِ مملکت نے قوم کے نام خصوصی پیغام جاری کیا۔
جشن عید میلاد النبی ﷺ ، ملک بھر میں چراغاں، روح پرور مناظر
قوم کے نام پیغام میں صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے عوام کو جشنِ عید میلاد النبی ﷺ کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ حضور ﷺ کی تشریف آوری انسانیت کے دکھوں کے مداوے کی نوید ہے۔
پیغام میں صدرِ مملکت عارف علوی نے کہا کہ ہمیں رسول اللہ ﷺ کی مبارک تعلیمات کو زندگی میں مشعلِ راہ بنانا ہوگا۔ حضور ﷺ نے بھائی چارے، مساوات اور عدل و انصاف پر مبنی معاشرہ تخلیق کیا۔
صدرِ مملکت عارف علوی نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے رنگ و نسل، خاندان، زبان اور وطن کے فرق سے بالاتر ایک امت و ملت قائم کی۔ موجودہ دور میں مسلمانوں کو درپیش مسائل کا حل سیرتِ نبی ﷺ میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ تعالیٰ کا شکر کرنا چاہئے کہ اس نے حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کو مبعوث فرما کر انسانیت پر احسان کیا اور ہمیں ان کا امتی بنا کر اعزاز بخشا۔ رسول اللہ ﷺ نے عالمگیر مساوات کا درس دیا۔