اسلام آباد: ٹیکسلا پولیس کے زیر حراست شہری پولیس کے بد ترین تشدد کے باعث اپنی قیمتی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
ذرائع کے مطابق پولیس کے تشدد سے جان کی بازی ہارنے والے نوجوان کے ورثاء نے کانسٹیبل محمد صفدر اور اے ایس آئی ذوالفقار پر قتل کا مقدمہ درج کروا دیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقتول عادل کو پولیس دوروز قبل اپنی تحویل میں لیکر گئی تھی، جس کی موت تشدد سے ہوئی،مدعی مقدمہ کے مطابق ہم گرفتاری کے بعد تھانے گئے تو پولیس نے ناروا رویہ اپنایا۔
مدعی مقدمہ کا کہنا تھا کہ ہمارے بھائی کو قتل کرنے کے بعد پوسٹ مارٹم بھی بغیر اجازت کروا دیاگیا ہے، مقتول کی فیملی کی جانب سے ٹیکسلا سرائے کالا چوک پر احتجاج بھی کیا گیا۔
آئی جی پنجاب نے واقع پر نوٹس لیتے ہوئے سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے، سی پی او راولپنڈی نے واقع میں ملوث دونوں پولیس اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
مزید پڑھیں:پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ، 9ماہ کی بچی جان سے گئی، والدہ زخمی
غفلت برتنے پر ایس ایچ او ٹیکسلا قمر کو بھی معطل کر دیا گیا ہے، دوسری جانب پولیس تاحال دونوں ملوث پولیس اہلکاروں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔