نیو یارک: وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیلاب زدگان کی مدد کیلئے 30 ارب ڈالر کی ضرورت ہے جبکہ ہمیں امداد یا بھیک نہیں بلکہ انصاف چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کوپ 27 اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالمی برادری سے انصاف چاہئے، پاکستان اس وقت ریلیف اور ریسکیو کے مرحلے میں ہے جس کے بعد تعمیرِ نو کا مرحلہ آئے گا۔
عالمی برادری سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے مسلسل تعاون کرے، وزیر اعظم
پاکستان میں سیلاب کو موسمیاتی تبدیلی کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو 30 ارب ڈالرز امداد کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے ہنگری کے ہم منصب سے ملاقات بھی کی جس میں دو طرفہ تعلقات پر گفتگو ہوئی۔
دریں اثناء وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا فرانسیسی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب سے 1 ہزار 500 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے۔ پاکستان کو صحت اور خوراک کے شعبوں میں بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کو اربوں ڈالرز کی امداد چاہئے۔ پڑوسی ملک بھارت ہمیں معاونت کی پیشکش کرنے میں ناکام رہا جبکہ افغانستان کی طالبان حکومت نے عالمی برادری سے جو وعدے کیے تھے، وہ پورے نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ طالبان کی وعدہ خلافی ہی ان کی حکومت کو تسلیم نہ کرنے کی وجہ بنی۔ افسوس ہے کہ طالبان لڑکیوں کو سیکنڈری اسکول جانے کی اجازت نہیں دے رہے۔ ایرانی وزیر خارجہ نے نوجوان لڑکی کی ہلاکت پر تحقیقات کا عندیہ دیا۔ان پر اعتماد ہے۔