ہالی وڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئیں۔
پاکستان پہنچ کر ہالی ووڈ اداکارہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں کا فضائی جائزہ لیا، انہوں نے سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے کشتی کا استعمال بھی کیا، انجلینا جولی نے متاثرہ خواتین سے ان کی ضروریات اور مسائل پر بات چیت کی۔
واضح رہے کہ انجلینا جولی تباہ کن سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کے لیے پاکستان کے دورے پر آئی ہیں۔
معروف مذہبی اسکالر مفتی مینک سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے پاکستان پہنچ گئے
قبل ازیں انٹرنیشنل ریسکیو کمیٹی (آئی آر سی) کی جانب سے ایک بیان جاری کیا گیا تھا جس میں یہ بتایا گیا تھا کہ انجلینا جولی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کے دوران متاثرہ افراد سے ملاقات کریں گی اور مستقبل میں ایسے مسائل کو روکنے کے حوالے سے اقدامات پر گفتگو کریں گی۔
آئی آر سی کے بیان کے مطابق انجلینا جولی اپنے دورے کے دوران اس بات کا مشاہدہ کریں گی کہ پاکستان جیسے ممالک موسمیاتی تبدیلیوں کے اس بحران کی سب سے بڑی قیمت کس طرح ادا کر رہے ہیں، جس کے وہ ذمہ دار بھی نہیں ہیں۔
ہالی ووڈ اداکارہ اس سے قبل 2010 کے سیلاب اور 2005 کے زلزلے کے متاثرین سے ملاقات کے لیے بھی پاکستان آچکی ہیں۔