اسلام آباد: پاکستان تحریکِ انصاف نے موجودہ حکومت کے خلاف لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان لانگ مارچ کی قیادت کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کو بار بار عام انتخابات کیلئے وارننگ دینے کے باوجود کوئی نتیجہ سامنے نہ آیا، سابق وزیر اعظم عمران خان نے حکومت مخالف لانگ مارچ کا فیصلہ کر لیا۔
سیاستدانوں کو اپنی غلطیوں کو ٹھیک کرنا ہوگا، مولانا فضل الرحمان
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان رواں ماہ کے آخری ہفتے میں لانگ مارچ کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ تحریکِ انصاف کا لانگ مارچ لاہور سے براہِ راست اسلام آباد کی جانب آئے گا جہاں دھرنا ہوگا۔
سابق وزیر اعظم عمران خان، پی ٹی آئی کی سینئر مرکزی قیادت اور ملک کے کونے کونے سے آئے ہوئے تحریکِ انصاف کے رہنما و کارکنان عام انتخابات کا اعلان ہونے تک اسلام آباد میں دھرنا دیں گے۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا کہنا ہے کہ عمران خان بہت بڑا جوا کھیلنے جارہے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نومبر سے قبل زبردستی اسمبلیاں تحلیل کروانا چاہتے ہیں۔ جلسوں کیلئے تو لوگوں کو نکالا جاسکتا ہے، دھرنوں کیلئے نہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رہنما محمد زبیر نے کہا کہ یہ 2014 نہیں ہے جب عمران خان کو بہت سی سہولیات میسر ہوا کرتی تھیں تاہم حکومت دھرنے کی کال پر سنجیدگی سے غور کرے گی۔