اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز پیش کردی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز سامنے آئی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ نئی حکومت کے آنے تک موخر کردینا چاہیے اور نئی حکومت ہی نئے آرمی چیف کا انتخاب کرے۔
خاتون جج زیبا چوہدری کے خلاف دھمکی آمیز بیان کے مقدمے سے متعلق سربراہ تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر اسلام آباد ہائی کورٹ مجھے بات کرنے کی اجازت دیتی تو شاید معافی مانگ لیتا۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے ملک گیر انتخابات کے معاملے میں کہا کہ میں الیکشن کے معاملے پر حکومت سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہوں۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے جو بہت سنجیدہ معاملہ ہے، لوگ کہتے ہیں اس سیلابی صورتحال میں سندھ میں الیکشن کیسے ہو سکتا ہے؟ سیلاب سے بھی بڑا امتحان گرتی ہوئی معیشت ہے۔
عمران خان نے کہ آئی ایم ایف کا پیسہ آنے کے باوجود روپیہ روز گر رہا ہے ملک میں اگر معاشی،اور سیاسی استحکام نہیں آتا تو ملک ڈیفالٹ ہونے کا خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیفالٹ ہوگئے تو سیلاب سے بڑا ڈیزاسٹر ہوگا،عدم اعتماد آئی تو ڈالر 178پر تھا، آج ڈالر 230سے بھی اوپر چلا گیا،ملک میں سیاسی استحکام آئے گا تو معاشی استحکام آئے گا۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ میں جو بھی کرونگا آئین کے اندر رہتے ہوئے کرونگا جتنی دیر یہ بیٹھے گے ملک اتنا ہی نیچے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کوہ سلیمان کے خشک علاقے میں 3ڈیمز کا منصوبہ تھا سندھ میں بااثر لوگ پانی دیہاتوں کی طرف نکال دیتے تھے سیلاب کے پانی سے سندھ میں چاول کی فصل تباہ ہوگئی۔
مزید پڑھیں:جواب غیر تسلی بخش قرار، الیکشن کمیشن نے عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا