اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فوادچوہدری کا کہنا ہے کہ فیصلے عوام کو کرنے چاہئیں کیونکہ ’بند دروازوں کے پیچھے‘ کیے گئے فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں ہوتی۔
اتوار کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معاملات چلانے کے لیے ادارے ناگزیر ہیں لیکن انہیں ملک کی سیاسی قیادت کا بھی احترام کرنا چاہیے۔
فواد چوہدری نے اداروں کے ساتھ خوشگوار تعلقات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی اداروں کے ساتھ ایک پیج پر رہنا چاہتی ہے۔
سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھاکہ فیصلے عوام کو کرنے چاہئیں ‘بند دروازوں کے پیچھے’ کیے گئے فیصلوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔
رمضان شوگر ملز ریفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس مقدمے میں وزیراعظم شہباز شریف پر فرد جرم عائد نہیں کی گئی۔ انہوں نے مزید کہا، ”جب ہم اس تاخیرکے بارے میں بات کرتے ہیں، تو اسے توہین سمجھا جاتا ہے۔”
فواد چوہدری نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کیس میں ان کی تقریب حلف برداری کے دن فرد جرم عائد ہونے والی تھی لیکن بدقسمتی سے اسے ٹال دیا گیا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ رات گوجرانوالہ کی تاریخ کا ”سب سے بڑا جلسہ” کیا اور ”پورا ملک” مختلف شہروں میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے نکلا۔
ضمنی انتخابات کے التوا پر با ت کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکمران انتخابات سے بھاگ رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:امپورٹڈ حکومت نے بدترین معاشی افراتفری کو جنم دیا، اسد عمر