اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکۂ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر پاکستان میں یومِ سوگ منانے کی منظوری دے دی ہے۔ 12 ستمبر کو قومی سبز ہلالی پرچم سرنگوں رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق ملکہ الزبتھ دوم نے اپنی زندگی میں دیگر حکمرانوں کے مقابلے میں سب سے طویل عرصے تک تختِ شاہی پر راج کیا۔ وزیر اعظم آفس کا کہنا ہے کہ 12 ستمبر کو ملکۂ برطانیہ کی وفات کی مناسبت سے یومِ سوگ منایا جائے گا۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل دورے کے بعد پاکستان سے روانہ
وزیر اعظم آفس سے جاری کردہ بیان کے تحت یومِ سوگ کے موقعے پر سبز ہلالی پرچم سرنگوں رکھا جائے گا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یومِ سوگ منانے کی منظوری وزارتِ خارجہ کی سفارش پر دی جبکہ ملکۂ برطانیہ کا انتقال جمعرات کو ہوا تھا۔
انتقال کے وقت ملکۂ الزبتھ دوم کی عمر 96 برس تھی۔ گزشتہ برس اکتوبر سے ہی صحت کے مسائل کا شکار ملکۂ برطانیہ کا علاج جاری تھا جن کے انتقال پر برطانیہ کے عوام انتہائی غمزدہ ہیں جبکہ شہزادہ چارلس کی بادشاہت کا اعلان کردیا گیا۔
پاکستان اور برطانیہ کے مابین دوستانہ روابط کی تاریخ دہائیوں پر محیط ہے۔ سابق وزیر اعظم عمران خان کے دور میں برطانوی شاہی جوڑے نے پاکستان کا دورہ کیا جس سے دونوں ممالک کے روابط میں ایک نئی تاریخ رقم ہوئی۔ ملکۂ برطانیہ بھی ماضی میں 2 بار پاکستان کا دورہ کرچکی تھیں۔