اسلام آباد: نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں سیلاب سے 80 اضلاع متاثر جبکہ بارشوں اور سیلاب کے دوران مختلف حادثات میں 1314 شہری جاں بحق ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے نے ملک بھر میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 24 مزید شہری جان کی بازی ہار گئے۔
نیشنل ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ بارشوں اور سیلاب سے سب سے زیادہ نقصان سندھ میں ہوا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سندھ میں 19، خیبر پختونخوا میں 3 جبکہ پنجاب اور بلوچستان میں 1،1 شہری جاں بحق ہوا۔
ملک بھر میں بارشوں سے سب سے زیادہ اموات سندھ میں ریکارڈ کی گئیں۔ این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سندھ میں 511 افراد جاں بحق ہوئے۔ سیلاب کے باعث لاکھوں مکانات تباہ اور لاکھوں کی تعداد میں مویشی بھی ہلاک ہوئے۔
خیال رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ کا دورہ آج کریں گے جس کا مقصد سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لینا ہے۔سیلاب نے قمبر شہداد کوٹ سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں تباہی پھیلا دی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سندھ کے ضلع قمبر شہداد کوٹ کا دورہ کریں گے جس کے دوران بارشوں اور سیلاب سے نقصانات اور امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا جائے گا۔وزیر اعظم سیلاب متاثرین سے ملاقات بھی کریں گے۔