دبئی:شاہنواز دھانی اتوار کو بھارت کے خلاف میچ کی سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔ وہ اے سی سی ٹی ٹونٹی ایشیا کپ میں ہانگ کانگ کے خلاف میچ کے دوران انجری کا شکار ہوئے تھے۔
چونکہ یہ ممکنہ طور پر سائیڈ اسٹرین انجری ہے، لہٰذا میڈیکل ٹیم آئندہ 48 سے 72 گھنٹے تک شاہنواز دھانی کی انجری کا معائنہ کرے گی، جس کے بعد ان کی انجری کا اسکین یا ان کی ٹورنامنٹ میں مزید شرکت سے متعلق کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب محمد رضوان نے کہا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ہانگ کانگ اور بھارت کے خلاف جلدی آؤٹ ہو گئے تھے جو صحیح تھا۔
گزشتہ روز ہانگ کانگ سے فتح کے بعد مین آف دی میچ قرار دئیے جانے والے محمد رضوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دبئی اور شارجہ کی وکٹ سلو ہوتی ہے، پاور پلے میں اسکور تھوڑا ہوتا ہے، کنڈیشن بہت مشکل تھی اس لیے شروع میں دھیان رکھنا پڑتا ہے تاکہ وکٹ نا گنوا دیں۔
رضوان نے کہا کہ بھارت کے خلاف میچ پریشر والا ہوتا ہے، فائنل والا میچ ہی ہوتا ہے، مذاق میں آپس میں کہہ چکے ہیں کہ اگر فائنل میں بھارت آگیا تو بیسٹ آف تھری سیریز ہی ہو گئی ہے۔
وکٹ کیپر بیٹر نے کہا کہ میں چیزوں کو نارمل رکھنے کی کوشش کرتا ہوں،کرکٹ ایک ہی طرح ہے، اگر اس کو سادہ رکھا جائے تو بہتر ہے، کھیل کے دوران کریمپ کسی بھی وقت آسکتے ہیں، اپنے میڈیکل اسٹاف کو کریڈٹ دیتا ہوں جو ہمارا بہت خیال رکھتے ہیں۔
مزید پڑھیں:ایشیا کپ، پاک بھارت میں دوسرا ٹاکرا اتوار کو ہوگا