لندن: آنجہانی برطانوی شہزادی لیڈی ڈیانا کو عوام سے بچھڑے 25 برس مکمل ہو گئے، شہزادی کی وفات ایک خطرناک حادثے کے باعث ہوئی جس کے نتیجے میں ان کی کار تباہ ہوگئی تھی۔برسی آج منائی جارہی ہے جس کے دوران دنیا بھر سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
آج سے تقریباً 61 سال قبل یکم جولائی 1961ء میں برطانیہ میں جنم لینے والی شہزادی لیڈی ڈیانا کو ان کے جذبۂ انسانی ہمدردی اور سماجی فلاح و بہبود کے کاموں کے باعث آج بھی یاد کیا جاتا ہے۔ لیڈی ڈیانا نے ایچ آئی وی (ایڈز) کے مریضوں سے ناروا سلوک کے خلاف آواز اٹھائی اور عوام کے رویے میں اہم تبدیلی لانے میں کامیاب رہیں جو بڑا کارنامہ قرار دیا جاتا ہے۔
سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر کا کہنا ہے کہ لیڈی ڈیانا عوامی شہزادی تھیں جو اپنے جذبۂ رحمدلی اور انسانیت کا درد رکھنے کے باعث عوام کے دلوں پر راج کرتی رہیں۔انہیں برطانیہ کے شاہی خاندان میں اس وقت شامل کیا گیا جب ان کی عمر صرف 20 سال تھی جس کے بعد ان کی ذاتی صفات نے شہزادی کے وقار میں اضافہ کیا۔ دیکھتے ہی دیکھتے لیڈی ڈیانا نے مقبولیت حاصل کرلی۔
دیگر شاہی شخصیات سے بڑھ کر لیڈی ڈیانا نے انسانی جذبۂ ہمدردی کو پروان چڑھایا جس کے باعث نئی شہزادی شاہی خاندان کیلئے تازہ ہوا کا جھونکا بھی سمجھی جانے لگیں۔ میڈیا نے لیڈی ڈیانا کی ذاتی زندگی میں تانک جھانک شروع کی جو آگے چل کر ان کے انتقال پر منتج ہوئی تاہم لیڈی ڈیانا کے انتقال کا معمہ کبھی حل نہیں ہوسکا۔
آج ہی کے روز 1997ء میں 31 اگست کو لیڈی ڈیانا نے پیرس ہوٹل سے ایک دوست کے ہمراہ اپنا سفر شروع کیا تاہم وہ اپنی منزل تک نہ پہنچ سکیں اور ان کی کار حادثے کا شکار ہو کر مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔ خطرناک حادثے کے نتیجے میں شہزادی ڈیانا اور دوست زندگی کی بازی ہار گئے۔ لاکھوں افراد نے لیڈی ڈیانا کی آخری رسومات ٹی وی پر براہِ راست دیکھیں۔ لیڈی ڈیانا کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔