ریاض: سعودی فرماں روا اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی پرصدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام اپنے تعزیتی خط میں پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو تعزیتی خط لکھ دیا جس میں پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور اموات پر افسوس کا اظہار کیا گیا ہے۔
پاکستان میں سیلاب سے اموات پر سعودی عرب کا اظہارِ یکجہتی
اپنے تعزیتی خط میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو مشکلات سے بچائے۔شہزادہ محمد بن سلمان کا خط میں کہنا ہے کہ دکھ کی اس گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے تعزیتی خط میں پاکستان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب سے بے گھر اور زخمی ہونے والوں کیلئے دُعا گو ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سعودی عرب نے سیلاب سے جانی نقصان پر پاکستان سے رنج و غم کا اظہار کیا۔سعودی وزارتِ خارجہ کا کہنا تھا کہ برادر ملک پاکستان میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے جانی نقصان پر افسوس ہے۔
وزارت خارجہ کی جانب سے 2 روز قبل جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں اور حکومت پاکستان کے ساتھ ہیں۔ سعودی عرب زخمیوں کی جلد صحت یابی اور لاپتہ افراد کی باحفاظت بازیابی کے لئے دعا گو ہے۔