دبئی: متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ایشیاء کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے سب سے بڑے میچ میں بھارت نے پاکستان کو شکست دیدی۔
تفصیلات کے مطابق دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کرنے کی دعوت دی۔
پاکستان کی جانب سے بابر اعظم اور محمد رضوان نے محتاط انداز سے بیٹنگ کا آغاز کیا تاہم پہلے ہی اوور میں بھارتی ٹیم اپنے دونوں ریویو ضائع کر بیٹھی۔
پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم کے لئے اچھا دن ثابت نہیں ہوا، بابر اعظم 10 رنز بناکر بھوونیشور کمار کی گیند پر ارشدیپ سنگھ کو کیچ دیکر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کی جانب سے دوسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز فخر زمان تھے جو کہ اویش خان کی گیند پر 10 سکور بناکر وکٹ کیپر دنیش کارتک کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
قومی ٹیم 20 ویں اوور میں 147 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستان کی جانب سے محمد رضوان 43 رنز بنا کر نمایاں رہے،بھارت کے بھونیشورکمار نے 4کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
بھارت کی جانب اننگ کا آغاز کیا گیا تو بھارت پہلے ہی اوور میں بھارت کی وکٹ گر گئی جس کے باعث بھارتی ٹیم کچھ پریشر میں نظر آئی مگر ویرات کوہلی اور کپتان روہت شرما نے ٹیم کو سہارا دیا اور ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم کیا۔
قومی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں دوسری کامیابی بھی مل جاتی لیکن کپتان بابر اعظم نے ویرات کوہلی کا کیچ چھوڑ دیا۔
بھارت کی دوسری وکٹ 50 کے مجموعی اسکور پرگری، کپتان روہت شرما 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے،اس کے علاوہ کوہلی بھی 35 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
ہر گروپ کی ٹاپ دو ٹیمیں سپر فور مرحلے کیلئے کوالیفائی کریں گی جس کا آغاز 3 ستمبر سے ہوگا۔پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔