کالام اور بحرین کے ہوٹل مالکان نے انسانیت کی عظیم مثال قائم کردی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ملک میں جہاں ہر طرف سیلاب کی تباہ کاریوں کی دل دہلانے والی خبروں، تصاویر اور ویڈیوز کی بھرمار ہے، وہاں ان تمام منفی خبروں کے بیچ ایک اچھی اور خوش کن خبر یہ ہے کہ سوات میں کالام اور بحرین کے ہوٹل مالکان نے پھنس جانے والے سینکڑوں سیاحوں کو مفت رہائش اور خوراک دینے کا اعلان کرکے انسانیت کی عظیم مثال قائم کر دی ہے۔

سوات اس وقت ملک کے ان علاقوں میں سر فہرست آچکا ہے جہاں سیلابی ریلوں نے تباہی مچا رکھی ہے، سیلاب کی وجہ سے سڑکیں مکمل بند ہیں جس کے باعث وادی کالام میں سینکڑوں سیاح پھنس گئے ہیں، صورتحال یہ ہے کہ پھنسے ہوئے سیاحوں کو نکالنے کے لیے ہیلی سروس شروع کی جارہی ہے۔

ذرائع کے مطابق سوات کے مختلف علاقوں میں اس وقت 1500 سیاح ہوٹلوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کئی دن سے محصور ہونے کے باعث ان سیاحوں کو کھانے پینے اور رہنے کیلئے پیسوں کی کمی کا سامنا ہے۔

ان تشویشناک حالات میں یہ خبر بڑی حوصلہ افزا اور مقامی ہوٹل مالکان کی انسان دوستی، اخلاقی بلندی اور دکھی انسانیت کی خدمت کے قابل تحسین جذبے کی عکاس ہے کہ ہوٹل مالکان نے پھنسے ہوئے سیاحوں کو مفت سروسز فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔

اس حوالے سے کالام ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر عبد الودود نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ”جب تک راستے بحال نہیں ہوتے، تمام مہمانوں سے کمروں کا کرایہ نہیں لیا جائے گا۔ نیز ان کے کھانے پینے کا بل بھی چارج نہیں کیا جائے گا۔ سیاح اس حوالے سے بالکل بے فکر رہیں۔ نہ صرف کالام بلکہ پورا سوات ان کا گھر ہے۔”

ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر عبد الودود کا یہ اعلان اس مشکل اور نازک وقت میں گھروں سے دور اس انجان وادی میں پھنسے سیاحوں کیلئے کسی آسمانی اور غیبی مدد سے کم نہیں۔ 

مقامی ہوٹل مالکان کا یہ جذبہ قابل صد تحسین ہے۔ ایسے وقت جب معاشرے میں لوگوں کی مجبوریوں کو موقع بنا کر ناجائز نفع اندوزی کا چلن عام ہے، کالام اور بحرین کے ان ہوٹل مالکان نے اپنا دل بڑا کرکے انسانیت کی عظیم مثال قائم کر دی ہے۔

مقامی ہوٹل مالکان کا یہ اقدام ان لوگوں کیلئے نمونہ ہے جو ایسے مواقع پر لوگوں کی مجبوریوں سے فائدہ اور نفع اٹھانے سے باز نہیں آتے۔ یہ منفی چلن پورے ملک میں ہر جگہ عام ہے، تاہم گزشتہ سال سردیوں میں مری کے ہوٹل مالکان نے جس انداز میں انسانیت سے عاری رویوں کا مظاہرہ پھنسے ہوئے سیاحوں کے ساتھ کیا تھا، اس نے پوری قوم کا سر شرم سے جھکا دیا تھا، مگر اب کالام اور بحرین کے ہوٹل مالکان نے اپنے اس فراخدلانہ اقدام سے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔ 

Related Posts