اسلام آباد: صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اردن کی شہزادی سارہ زید نے ورلڈ فوڈ پروگرام کے سلسلے میں ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے اقوامِ متحدہ کے ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر، اردن کی شہزادی سارہ زید نے ملاقات کی۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے صدرِ مملکت نے کہا کہ صحت کے شعبے میں ذہنی وجسمانی نشوونما اور غذائیت کی کمی، زچہ و بچہ کی دیکھ بھال سمیت دیگر مسائل کا حل ضروری ہے۔
عمران خان کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے دورے کا فیصلہ
ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیر سارہ زید سے ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام اور اقوامِ متحدہ کا فوڈ پروگرام بے نظیر نشوونما پروگرام شروع کرنے کیلئے تعاون کر رہے ہیں جس کا ابتدائی ہدف 15 لاکھ حاملہ خواتین، دودھ پلانے والی مائیں اور بچے ہیں۔
ملاقات کے دوران صدرِ مملکت نے کہا کہ بچوں میں غذائیت کی کمی پر قابو پانے کیلئے ان کی زندگی کے پہلے 1000دن اہم ہوتے ہیں۔ آبادی کی شرح میں اضافے کو کم کرنے کیلئے واضح قومی ایکشن پروگرام انتہائی ضروری ہے۔ آبادی میں اضافہ ہمارے قلیل معاشی اور مالی وسائل پر بہت زیادہ بوجھ کا سبب بن رہا ہے۔
President Dr. Arif Alvi had a meeting with UN World Food Programme’s special advisor on Mother and Child Nutrition, Princess Sarah of Jordan. pic.twitter.com/6M6q9lpt0r
— The President of Pakistan (@PresOfPakistan) August 24, 2022
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا اور ان کی تعلیم و تربیت صحت مند خاندانوں اور آبادی کو کنٹرول کرنے کیلئے ضروری ہے۔ کاروباری شخصیات، نامور خواتین، سیاستدانوں اور سول سوسائٹی کو خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا جبکہ اسلام نے خواتین کو وراثت کا حق دے کر مالی طور پر خودمختار بنایا۔