الیکشن کمیشن نے سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے التوا کی سندھ حکومت کی درخواست مسترد کردی ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ کراچی ڈویژن میں بلدیاتی انتخابات مقررہ شیڈول کے مطابق 28 اگست کو ہی ہوں گے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ حیدر آباد ڈویژن میں بلدیاتی الیکشن کا فیصلہ ووٹرز کی سہولت کو پیش نظر رکھ کر کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سندھ سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔ انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست بارش کے پیش نظر کی گئی۔
سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن سندھ کو بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کیلئے خط لکھا تھا۔
خط میں سندھ حکومت کا کہنا تھا کہ اس وقت بلدیاتی انتخاب کا دوسرا مرحلہ کروانا ممکن نہیں، محکمہ موسمیات نے سندھ میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
خط میں کہا گیا کہ آئی جی سندھ کے مطابق اس صورتحال میں پولیس اہل کاروں کو متاثرہ اضلاع سے واپس بلانا مشکل ہے۔
خط میں مزید کہا گیا کہ اس وقت سندھ حکومت، انتظامیہ اور سیکیورٹی ادارے مختلف اضلاع میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔