نئی دہلی، بھارتی ریاست کیرالہ میں منکی پاکس سے پہلی ہلاکت سامنے آگئی، 22 سالہ نوجوان مہلک وائرس سے ہلاک ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق تیزی سے پھیلنے والی مہلک وائرس بیماری منکی پاکس کے مریضوں کا دنیا بھر کی طرح بھارت میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔
بھارتی ریاست کیرالہ میں 22 سالہ نوجوان کو مقامی اسپتال میں علامات ظاہر ہونے پر دو روز قبل داخل کیا گیا تھا جبکہ اگلے ہی روز منکی پاکس ٹیسٹ بھی کروایا جو مثبت آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسپتال میں نوجوان کا علاج جاری تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ بھارتی محکمہ صحت نے منکی پاکس سے پہلی ہلاکت پر انکوائری کمیٹی بنا دی ہے۔
کیرالہ کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ منکی پاکس سے ہلاکتوں کی شرح انتہائی کم ہوتی ہے اور نوجوانوں میں اس مہلک مرض کی علامات بھی ظاہر نہیں ہوتیں۔
عالمی ادارہ صحت نے منکی پاکس کو دنیا میں تیزی سے پھیلنے والی وبا قرار دیتے ہوئے خبردار کیا تھا کہ وائرس کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ منکی پاکس کا پہلا کیس برطانیہ میں رواں برس مئی میں سامنے آیا تھا اور اب تک وہاں 4 ہزار سے زائد مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ دیگر ممالک میں بھی پھیلاؤ جاری ہے۔