پاکستان کی مشہور و معروف اداکارہ سجل علی ہالی ووڈ میں بہت جلد اینٹری کرنے والی ہیں، جس کی پہلی جھلک منظرِ عام پر آگئی ہے۔
وہ ماضی میں آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ہمراہ بالی ووڈ فلم میں کام کرچکی ہیں، جس میں اداکاری کو بہت زیادہ سراہا گیا اور اب بہت جلد اداکارہ ہالی ووڈ میں ڈیبیو کرنے والی ہیں، آئیے اس کی آنے والی فلم کے بارے میں کچھ جانتے ہیں :
سجل علی
سجل علی نے اپنے ٹی وی کیریئر کا آغاز 2009 میں نادانیاں میں ایک چھوٹےسے کردار سے کیا، تاہم اداکارہ کو مقبولیت ڈرامہ سیریل محمود آباد کی ملکاؤں سے ملی، جس نے انھیں شہرت کی بلندیوں پر پہنچایا۔
سجل علی نے 2016 میں فلموں میں اداکاری کا آغاز کیا، جس میں انہوں نے اداکار فیروز خان کے مقابل کردار اداکیا۔ اگرچہ یہ فلم باکس آفس پر زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی، لیکن فلم نے اداکارہ کو ان کی اداکاری کے لیے نگار ایوارڈ سے نوازا۔
بالی ووڈ میں سجل علی کا ڈیبیو
2016 میں سجل علی نے بالی ووڈ میں اداکاری کا آغاز کیا، جس میں اُن کی اداکاری کو بے حد پسند کیا گیا۔
ہالی ووڈ میں سجل علی کا ڈیبیو
سجل علی نےہالی ووڈ فلم کا پراجیکٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کی سابق اہلیہ جمائمہ گولڈ اسمتھ کے ہمراہ سائن کیا۔ فلم کا نام واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وتھ اِٹ رکھا گیا ہے۔
بھارتی فلمساز شیکھر کپور کی ہدایت کاری اور جمائما خان کی تحریری اور شریک پروڈیوس کردہ یہ ایک آنے والی برطانوی رومانوی کامیڈی فلم ہے جو فلم میں پاک بھارت تعاون کی وجہ سے پاکستانیوں کو پہلے ہی پرجوش کر چکی ہے۔
کاسٹ
سجل علی کے علاوہ فلم کی کاسٹ میں شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، میم شیخ، جیف مرزا، ایمان بوجیلوہ، مریم حق اور سدھو وی بھی شامل ہیں۔
خلاصہ
فلم کی کہانی ایک فلم میکر خاتون کے رومانس کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی شادی کے لیے ڈیٹنگ ایپس تک کو بھی آزما کر دیکھتی ہیں مگر انہیں ہمیشہ غلط مرد ہی ملتے ہیں۔
فلم کی کہانی کے مطابق مذکورہ فلم ساز لڑکی ‘زوئی’ (للی جیمز) بعد ازاں اپنی والدہ (ایما تھومپسن) کے کہنے پر اپنے پرانے پڑوسی پاکستانی لڑکے (شہزاد لطیف) سے شادی کے لیے لندن سے لاہور آتی ہیں۔
فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح خاندان کی پسند سے ہونے والی شادی محبت کی شادی میں تبدیل ہوجاتی ہے اور فلم میں پاکستانی ثقافت، رسم و رواج کو بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم کب ریلیز ہوگی؟
جمائمہ کی فلم واٹس لَو گاٹ ٹو ڈو وتھ اِٹ 27 جنوری 2023 کو برطانیہ کے سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی جبکہ دنیا بھر میں اس فلم کی ریلیز کی تاریخوں کا اعلان جَلد متوقع ہے۔