قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزارت خزانہ نے ملکی قرضوں کے حوالے سے تحریری جواب جمع کرادیا۔
وزارت خزانہ کے تحریری جواب میں بتایا گیا کہ پاکستان کو 2022 سے 2059 تک 95.4 ارب ڈالر قرضہ واپس کرنا ہوگا۔
اس حوالے سے وزارت خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ 31 مئی 2022 تک پاکستان کا کل بیرونی قرضہ ایک کھرب 26 ارب 6 کروڑ ڈالر تھا۔
وزارت خزانہ کے مطابق کل بیرونی قرضے میں سرکاری بیرونی قرضہ 85.64 ارب ڈالر ہے، جبکہ آئی ایم ایف کا قرضہ 7 ارب 29 کروڑ ڈالر ہے۔
وزارت خزانہ نے بتایا کہ نجی شعبے کے ذمے غیر ملکی قرضہ 11 ارب 58 کروڑ ڈالر ہے۔
وزارت خزانہ نے گزشتہ حکومت کے حاصل قرضوں کی تفصیلات بھی قومی اسمبلی میں پیش کردیں۔